، امیٹھی10اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس صدر راہل گاندھی نے اپنی پارلیمانی سیٹ امیٹھی سے کاغذاتِ نامزدگی بھرنے کے بعد رافیل کیس میں سپریم کورٹ کے حکم کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو گھیراہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی مان لیا ہے کہ ڈیل میں کرپشن ہواہے۔ انہوں نے پی ایم مودی کو کھلی بحث کا چیلنج کیاہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ایک بار پی ایم مودی ان سے 15 منٹ بحث کر لیں گے تو ملک سے بھی آنکھ نہیں ملاپائیں گے۔ بتا دیں کہ رافیل معاملے میں سپریم کورٹ نے حکومت کے اعتراضات کو درکنار کرتے ہوئے رافیل کیس میں ریویو پٹشن پرنئی دستاویزات کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیاہے۔اسے مرکزی حکومت کے لئے زبردست جھٹکا مانا جا رہا ہے۔ راہل نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہاہے کہ پی ایم نریندر مودی نے ابھی تک ٹی وی انٹرویو میں کہاہے کہ رافیل کیس میں انہیں کلین چٹ مل گئی ہے لیکن آج سپریم کورٹ نے صاف کر دیاہے۔
راہل گاندھی نے کہاہے کہ سپریم کورٹ نے بھی مان لیا ہے کہ چوکیدار نے ہی چوری کروائی ہے۔ رافیل میں دو لوگوں نے ہی بدعنوانی کی ہے، ایک نریندر مودی اور دوسرا انل امبانی۔ راہل یہی نہیں رکے،انہوں نے مزید پی ایم نریندر مودی کو ایک بار پھر کھلی بحث کا چیلنج دے دیاہے۔ انہوں نے کہاہے کہ چوکیدار جی نے ملک کا پیسہ انل امبانی کو دے دیا۔ وہ مجھ سے 15 منٹ کے لیے کرپشن پربحث کر لیں، میں تیارہوں۔وہ جہاں چاہیں وہاں بحث کے لیے بلائیں۔ وہ ایک بار مجھ سے بحث کر لیں گے تو ملک سے آنکھ نہیں ملا پائیں گے۔